بنگلورو25؍جولائی(ایس او نیوز) نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت کی طرف سے آنے والے دنوں میں تمام اسکولوں کے بچوں کو بس پاس کی فراہمی کا فیصلہ لیا جائے گا۔ ان میں نجی اسکولوں کے بچے بھی شامل رہیں گے۔
اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سرکاری اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو مفت بس پاس کی سہولت فراہم کرنے کافیصلہ لیا جائے گا اور مرحلہ وار اس سہولت کو نجی اسکولوں کے بچوں کے لئے بھی وسعت دی جائے گی۔ ریاستی حکومت کے مستقبل کے متعلق مدھوگیری کے سابق رکن اسمبلی کے این راجنا کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ یہ ان کا ذاتی خیال ہے، ریاست میں کانگریس جنتادل (ایس) مخلوط حکومت اپنی پانچ سالہ میعاد بغیر کسی رکاوٹ کے مکمل کرے گی۔ڈاکٹر پرمیشورنے کہاکہ پچھلے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی شکست کے اسباب کا جائزہ سیاسی طور پر ابھی نہیں لیا گیا ہے، اگست کے پہلے ہفتے میں اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج برائے کرناٹک وینو گوپال ریاست کے دورے پر آرہے ہیں اس مرحلے میں انتخابات میں پارٹی کی شکست کے اسباب کا جائزہ لیا جائے گا۔